السلام علیکم ورحمتہ اللہ !
قرآن پاک میں ارشاد ہے :
إِنَّ الدِّينَ عِندَ اللَّـهِ الْإِسْلَامُ الخ اٰل عمران 19 پارہ 3
ترجمہ :بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین صرف اسلام ہی ہے
ابن کثیر رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ صرف اسلام کو ہی قبول فرماتا ہے، اسلام ہر زمانے کے پیغمبر کی وحی کی تابعداری کا نام ہے.
اور جگہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
إِنَّ اللَّـهَ اصْطَفَىٰ آدَمَ وَنُوحًا وَآلَ إِبْرَاهِيمَ وَآلَ عِمْرَانَ عَلَى الْعَالَمِينَ الخ اٰل عمران 33 پارہ 3
ترجمہ :بے شک اللہ تعالیٰ نے آدم اور نوح اور خاندان ابراہیم اور خاندان عمران کو تمام جہان کے لوگوں میں منتخب فرمایا تھا
ابن کثیر رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان بزرگ ہستیوں کو تمام جہان پر فضیلت عطاء فرمائی ،حضرت آدم علیہ السلام کو اپنے ہاتھ سے پیدا فرمایا .پھر اپنی حکمت کے اظہار کے لئے زمین پر اتارا ،جب زمین پر بت پرستی قائم ہوگئی تو حضرت نوح علیہ السلام کو سب سے پہلا رسول بنا کر بھیجا .
اسی طرح ابن کثیر رحمتہ اللہ علیہ سورہ اعراف آیت 59 کی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ حضرت نوح علیہ السلام حضرت آدم علیہ السلام کے بعد سب سے پہلے پیغمبر اہل زمین کی طرف آپ ہی آئے تھے .
ابن کثیر رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ امام محمد بن اسحق رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت نوح علیہ السلام کے درمیان دس زمانے گذرے تھے جو اسلام پر گذرے تھے.
امید ہے کہ ان حوالاجات اور مختصر سی تفسیر سے آپ بخوبی سمجھ رہے ہوں گے کہ اسلام ہر زمانے کے پیغمبر کی وحی کی تابعداری کا نام ہے ...... یعنی اللہ رب العزت کے احکامات کی تابعداری کانام ہے.....اور حضرات انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کے احکامات کی تابعداری کرنے والا کون ہوسکتا ہے ? اسی طرح حضرت آدم علیہ السلام اللہ رب العزت کے احکامات کی تابعداری کرنے والے تھے ..... حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے سے حضرت نوخ علیہ السلام کے زمانے تک صرف اسلام تھا ...... اور بت پرستی کی ابتداء حضرت نوح علیہ السلام کی قوم سے ہوئی ..... جس کے بعد اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کو اہل زمین کی طرف سب سے پہلا رسول بنا کربھیجا.
آئمہ نسب جیسے امام محمد بن اسحق رحمتہ اللہ علیہ وغیرہ نے حضرت نوح علیہ السلام کا نسب نامہ اس طرح بیان فرمایا ہے : نوح بن لامک بن ستو شلح بن خنوخ(یعنی حضرت ادریس علیہ السلام ،یہی وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے قلم سے لکھا)بن برد بن بن مہلیل بن قنین بن یانش بن شیث بن آدم علیہ السلام .
واللہ و اعلم بالصواب